6 جون، 2018

مرے حالات کی بربادیاں کچھ اور کہتی ہیں


مرے حالات کی بربادیاں کچھ اور کہتی ہیں
مگر منصف کی جانبداریاں کچھ اور کہتی ہیں 

یہاں کچھ اور کہتی ہیں وہاں کچھ اور کہتی ہیں 
جناب شیخ کی بیتابیاں کچھ اور کہتی ہیں

پیام صلح لے کر وہ مرے پاس آئے ہیں لیکن 
پسِ پردہ ہوئی تیاریاں کچھ اور کہتی ہیں

زباں پر بات ہے انسانیت اور جاں نثاری کی 
بتان دہر کی عیاریاں کچھ اور کہتی ہیں

زمانہ روز کہتا ہے کہ بوڑھا ہوگیا لیکن
جب آؤں گھر میں اپنے بیٹیاں کچھ اور کہتی ہیں

ہزاروں غم انھیں سسرال میں درپیش ہوتے ہیں
مگر مجھ سے مری شہزادیاں کچھ اور کہتی ہیں

بچھڑنے کا انھیں کچھ غم نہیں میں مان لیتا ہوں
مگر آنکھوں میں اتری سرخیاں کچھ اور کہتی ہیں

زمانہ کہہ رہا ہے عمر باقی ہے مزے کرلو
مگر بڑھتی ہوئی پرچھائیاں کچھ اور کہتی ہیں

گلے اک دن لگا کر باپ کو نزدیک سے دیکھو
کئی چہروں پہ اکثر جھریاں کچھ اور کہتی ہیں

نذیری سے اگر پوچھو تو سب کچھ ٹھیک کہتے ہیں
مگر اشعار کی گہرائیاں کچھ اور کہتی ہیں

                     مسیح الدین نذیری
                       9321372295

کوئی تبصرے نہیں: