27 ستمبر، 2016

درسِ اخلاق دیا رب کی شریعت بخشی

نعتِ پاک 

درسِ اخلاق دیا رب کی شریعت بخشی
میرے سرکار نے انسان کو عظمت بخشی

کوئی معراج میں سرکار کا رتبہ دیکھے
عرش پہ خالقِ عالم نے ضیافت بخشی

کیا کہیں گر اسے قدرت کا طمانچہ نہ کہیں
کنکروں نے بھی ابو جہل کو ذلت بخشی

ہو مبارک تیرا یثرب سے مدینہ ہونا
’’خاکِ پائے شہِ کونین نے عزت بخشی‘‘

افضلیت کے لئے صرف یہی کافی ہے
خود ابوبکر کو آقا نے امامت بخشی

آپ کی مرضی و منشاء پہ ہو قرآں کا نزول
اے عمر آپ کو اللہ نے وہ رفعت بخشی

شاہِ کونین سے نورین کا تمغہ پایا
ایسی عثمان کو اللہ نے قسمت بخشی

کانپ کر رہ گئے کفار کے دل سینے میں
تیغِ کرار کو اللہ نے وہ طاقت بخشی

چوم لوں آنکھ نذیریؔ تیری دل کرتا ہے 
تجھ کو اللہ نے طیبہ کی زیارت بخشی

کوئی تبصرے نہیں: