28 جولائی، 2019

کتنا ہوجاتا ہے انداز جدا شام کے بعد

۔۔۔۔۔۔۔۔۔   مینائے غزل 8   ۔۔۔۔۔

کتنا ہوجاتا ہے انداز جدا شام کے بعد
خوب کرتی ہے محبت بھی جفا شام کے بعد

اس لئے شب کی عبادت نہیں جاتی خالی
اور ہوجاتا ہے نزدیک خدا شام کے بعد

آبلے پاؤں میں اور سارا بدن گرد آلود
مجھ کو اک شخص سرِ راہ ملا شام کے بعد

شام کے بعد خلش اور ابھر آتی ہے
درد ہوجاتا ہے کچھ اور سوا شام کے بعد

صرف تنہائی ملاکرتی ہے اہلِ دل کو
ان سے ہوجاتا ہے ہر شخص جدا شام کے بعد

میں تو خود دل سے پریشان بہت رہتا ہوں
میری وحشت مرے نزدیک نہ آ شام کے بعد

دل تری حسرتیں پوری نہیں ہونے والی
تھپکیاں دے کے تمنائیں سلا شام کے بعد

اے محبت میں ترا شکر ادا کرتا ہوں
تونے تنہا کبھی رہنے نہ دیا شام کے بعد

خوف کھاتے ہیں اندھیرے بھی نذیری مجھ سے
کام آتی ہے مری ماں کی دعا شام کے بعد

مسیح الدین نذیری پورہ معروف مئو

کوئی تبصرے نہیں: