غزل
محبت جب کبھی بانہوں کا گھیرا ڈال دیتی ہے
سیاست آکے اس میں کوئی پھندا ڈال دیتی ہے
ہوس اہلِ ہوس جانیں ہماری مفلسی ہم پر
ہمیشہ سے قناعت کا لبادہ ڈال دیتی ہے
اگر ملت فروشی ہو تو پھر کیا دل منور ہو
جہاں کچھ آس ہو لاکر عمامہ ڈال دیتی ہے
امڈ آتے ہیں سب قوس و قزح کے رنگ خوابوں میں
مری ماں مجھ پہ جب اپنا دوپٹہ ڈال دیتی ہے
رواداری کو کب سمجھیں گے نفرت کے نمائندے
جبلت ان کی ہر بستی ہیں جھگڑا ڈال دیتی ہے
کوئی عہدہ کوئی اعزاز یا سنسد کی رکنیت
حکومت اس طرح گردن میں پٹہ ڈال دیتی ہے
وہی تنظیم وندے ماترم کا شور کرتی ہے
لگا کر بھگوا جو نیچے ترنگا ڈال دیتی ہے
مری بیٹی اداسی دیکھتی ہے میرے چہرے پر
مرے قدموں میں وہ اپنا کھلونا ڈال دیتی ہے
نذیریؔ ہم ہیں ایسی قوم سے جو وقت آنے پر
وطن پہ اپنے نذرانہ لہو کا ڈال دیتی ہے
محبت جب کبھی بانہوں کا گھیرا ڈال دیتی ہے
سیاست آکے اس میں کوئی پھندا ڈال دیتی ہے
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں