7 جون، 2018

حلال رزق میں لذت تلاش کرتے ہیں


حلال رزق میں لذت تلاش کرتے ہیں 
ہم اپنے گھر میں ہی راحت تلاش کرتے ہیں

عجیب لوگ ہیں اوروں کا دل دکھا کر کے
خدائے پاک کی رحمت تلاش کرتے ہیں

جو اپنے چھوٹوں پہ شفقت دکھا نہیں سکتے
وہ اپنے واسطے عزت تلاش کرتے ہیں 

نہیں زبان و عمل میں کوئی تعلق جب
تو شیخ کس لئے جنت تلاش کرتے ہیں 

خود اپنا قد بھی ذرا دیکھتے تو اچھا تھا
جناب آپ بھی پربت تلاش کرتے ہیں 

یہ کیسا  طرز ترے شہر کا ہے ہم کب سے
کبوتروں کیلئے چھت تلاش کرتے ہیں

نئے جہاں میں حیا بیچ کر نذیری ہم 
گئی رُتوں کی وراثت تلاش کرتے ہیں 

              مسیح الدین نذیری 
           9321372295

کوئی تبصرے نہیں: