12 جون، 2020

تِلوں میں ترے بچا سارا تیل دیکھتے ہیں

تازہ ترین جام و مینا سلسلہ ۔ 13
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔غزل۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تِلوں میں ترے بچا سارا تیل دیکھتے ہیں
چل آج پھر سے مرے ساتھ کھیل، دیکھتے ہیں

اے عشق ہم کو تپش جھیلنے کی عادت ہے
بہت قریب سے ہم تیرا کھیل دیکھتے ہیں

بلندیوں سے زمانے کو دیکھنے والے
اب آج اپنے گھروں کو ہی جیل دیکھتے ہیں

ہے اختصار کی عادت کچھ اس قدر ہم کو
کہ اصل چھوڑ کے ہم درج ذیل دیکھتے ہیں

وہ جس زمین کو بنجر کہا تھا اوروں نے
اسی میں پیار کی ہم داغ بیل دیکھتے ہیں

بموں کی جنگ ہے میزائلوں کی دہشت ہے
تمہارے ہاتھ میں ہم کیوں غلیل دیکھتے ہیں

یہ عمر اور محبت ، عجیب ماجرا ہے
عجیب طرح کا ہم تال میل دیکھتے ہیں

وہیں سے دل کو نذیری سکوں نہیں ملتا
جہاں سے پیسوں کی ہم ریل پیل دیکھتے ہیں

مسیح الدین نذیری پورہ معروف مئو

کوئی تبصرے نہیں: