16 فروری، 2019

دل کو تیری کج ادائی چاہیے

#نذیریات32
.............. *غزل* .................
دل کو تیری کج ادائی چاہیے
وصل کی شب میں لڑائی چاہیے
خود کی خود سے آشنائی چاہییے
سوچ تھوڑی ارتقائی چاہیے
کس کا کتنا ظرف ہے مطلب نہیں
ہر کسی کو منہ بھرائی چاہیے
دل کی ہلچل روکنے کے واسطے
اس پہ بس دستِ حنائی چاہیے
اک تھا میرے پاس دل دے تو دیا
کیا انھیں ساری خدائی چاہیے
شیخ کو مذہب سے کچھ مطلب نہیں
صرف شورِ پارسائی چاہیے
ایک مدت سے میں خود میں قید ہوں
اب مجھے خود سے رہائی چاہیے
پیار الفت زخم اور جور و جفا
دل کو سب کچھ انتہائی چاہیئے
عشق کی وادی میں آئے آپ بھی
آپ کو بھی جگ ہنسائی چاہیئے
ہاں نذیری شاعری کے واسطے
خونِ دل کی روشنائی چاہیے
مسیح الدین نذیری پورہ معروف مئو

کوئی تبصرے نہیں: