7 نومبر، 2016

نویدِ صبح نو پیغامِ رحمت بن کے آئی ہے


نویدِ صبح نو پیغامِ رحمت بن کے آئی ہے
میری بیٹی مرے گھر خیر و برکت بن کے آئی ہے
یہ سچ ہے بیٹیاں جب ڈھال ہیں نارِ جہنم سے
تو پھر وہ میری جنت کی بشارت بن کے آئی ہے
مرے آقا بھی بیٹی کو بہت محبوب رکھتے تھے
مری بیٹی میرے آقا کی سنت بن کے آئی ہے
وفا اخلاص الفت دوستی ایثار قربانی
مری بیٹی ہر اک شٔے کی علامت بن کے آئی ہے
خدا خوش جس سے ہو اس گھر میں بیٹی بھیج دیتا ہے
مری بیٹی مرے رب کی عنایت بن کے آئی ہے
ہیں گھر کی رونقیں ان بیٹیوں سے یہ حقیقت ہے
مری بیٹی مرے گھر نور و نکہت بن کے آئی ہے
نبی کہتے ہیں ان کی پرورش کرنا عبادت ہے
تو پھر بیٹی مری ، میری عبادت بن کے آئی ہے
سکوں دیتی ہیں کتنا بیٹیاں جب گھر میں ہوتی ہیں
مری بیٹی یقینا میری راحت بن کے آئی ہے
یہ میرا مذہبِ اسلام کہتا ہے میری بیٹی 
متاعِ زندگی عقبی کی دولت بن کے آئی ہے
نذیریؔ گھر میں بیٹی ہو تو گھر میں نور ہوتا ہے
تو گویا میری بیٹی گھر کی زینت بن کے آئی ہے

کوئی تبصرے نہیں: