26 دسمبر، 2018

پھر مرے بعد اسے کوئی نہ بھایا ہوگا

#نذیریات12
.........غزل۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پھر مرے بعد اسے کوئی نہ بھایا ہوگا
اس نے ڈھونڈھا تو بہت ہوگا نہ پایا ہوگا

جب مرے بعد مرے غم نے ستایا ہوگا
کرکے افسوس بہت اشک بہایا ہوگا

اس کی آنکھوں میں اداسی اتر آئی ہوگی
کرب ہی کرب نگاہوں میں سمایا ہوگا

پھر مرے پیار کے خوش رنگ مہکتے گل کو 
جانے کیا کہہ کے زمانے کو دکھایا ہوگا

پھر کوئی ناز اٹھانے کو کہاں سے آتا
بعد میرے مری یادوں نے ستایا ہوگا

پھر ہنسی اس کو کہیں پر بھی نہ آئی ہوگی
اس کے باتوں نے نہ پھر رنگ جمایا ہوگا

پھر سنواری نہ گئی ہوں گی جب اس سے زلفیں 
اس کے ہونٹوں پہ مرا نام تو آیا ہوگا

تھک گئی ہوگی نظر راہ کو تکتے تکتے
ہوکے مایوس چراغوں کو بجھایا ہوگا

غم نذیری کی غزل میں ہیں زمانے بھرکے
دل نذیری کا زمانے کا رلایا ہوگا

مسیح الدین نذیری پورہ معروف مئو

کوئی تبصرے نہیں: